سڈنی (آن لائن)دنیا میں بہت سے لوگ شادی کی پیشکش کرنے کے لیے مختلف طریقے اپناتے ہیں لیکن آسٹریلیا کے ایک پائلٹ نے نہایت ہی منفرد انداز اپناتے ہوئے دوران پرواز ہی خاتون کو پروپوز کیا۔ایک آسٹریلوی فضائی کمپنی کے پائلٹ ایلس نے میلبورن سے لاس اینجلس جانے والی پرواز کے دوران اینا نامی خاتون کو شادی کی پیشکش کی۔اس سارے واقعے کی ویڈیو ایئرلائن کے آفیشل فیس بک پیج پر پوسٹ کی گئی، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کیپٹن ایلس نے فلائٹ کے دوران معمول کے اعلانات شروع کیے اور پھر جہاز میں سوار ‘خاص مسافر’ اینا کے لیے اپنا پیغام دیا اور ان سے پوچھا، ‘کیا آپ مجھ سے شادی کریں گی؟’جس کے بعد کیپٹن ایلس گلدستہ اور انگوٹھی لے کر خاتون اینا کی نشست پر جاپہنچے اور گھٹنوں کے بل بیٹھ کر انھیں انگوٹھی پیش کی۔اس موقع پر اینا نہایت شرمائی لجائی نظر آئیں اور انھوں نے کیپٹن ایلس کی پیشکش قبول کرلی۔مذکورہ ایئرلائن کے فیس بک پیج کے مطابق کیپٹن ایلس گذشتہ 30 برس سے ایئرلائن سے منسلک ہیں اور دوران پرواز بہت سے اعلانات کرتے رہے ہیں، لیکن رواں ہفتے فلائٹ نمبر QF93 کے دوران انھوں نے ایک نہایت ہی ‘خاص مسافر’ کے لیے ‘خصوصی’ اعلان کیا۔