لندن(مانیٹرنگ ڈیسک)عمران خا ن کی سابق اہلیہ جمائمہ خان کے بھائی اورکنزرویٹو پارٹی کے رکن پارلیمنٹ زیک گولڈ سمتھ نے پارلیمنٹ سے استعفی دیدیا۔اس موقع پرزیک سمتھ نے اعلان کیاکہ وہ اپنے انتخاب کے دوران لیاجانے والی تنخواہیں بھی قومی خزانے میں جمع کرادیں گے کیونکہ وہ اپنے ووٹرزکی صیح معنوں میں ترجمانی نہیں کرسکے ۔زیک گولڈ سمتھ نے اپنے ووٹرز سے کیا گیا وعدہ ایفاءکرتے ہوئے برطانوی حکومت کی جانب سے ہیتھرو ائیر پورٹ پر تیسرے نئے رن وے کی تعمیر کی اجازت دینے پرپارلیمنٹ سے استعفی دیدیا۔میل آن لائن کی رپورٹ کے مطابق اپنی انتخابی مہم اور پھر دوبارہ لندن کے میئر کی دوڑ کے دوران بھی زیک گولڈ سمتھ نے ہیتھرو پر نئے رن وے کی مخالفت کی تھی اور اپنے ووٹرز سے کہا تھا کہ اگر حکومت نے نیا رن وے بنانے کی کوشش کی تو وہ عہدے سے مستعفی ہو جائیں گے۔حکومت کی طرف سے نئے رن وے کی
منظوری کے اعلان کے بعد زیک گولڈ سمتھ کا کہنا تھا کہ ”یہ ایک تباہ کن فیصلہ ہے۔حکومت نے ایک ایسے راستے کا انتخاب کیا ہے جو نہ صرف غلط ہے بلکہ اس کا نتیجہ ناکامی کے سوا کچھ نہیں ہو گا۔“زیک سمتھ نے اس موقع پرالیکشن کے روزاپنے ووٹرز سے وعدہ ایفاکرتے ہوئے پارلیمنٹ سے استعفی دیدیا۔زیک نے کہاکہ اب میں مستعفی ہونے کے بعد آزاد حیثیت سے الیکشن لڑوں گاکیونکہ میرااورمیری پارٹی کاموقف الگ الگ ہیں ۔واضح رہے کہ جمائمہ خان کے بھائی زیک سمتھ کا آبائی حلقہ ہیتھرو ایئرپورٹ کے مجوزہ رن وے کے فضائی راستے پر واقع ہے اورحلقے کے رہائشیوں کو خدشہ ہے کہ نئے رن وے کی تعمیر سے طیاروں کے شور میں بہت اضافہ ہو جائے گا، جس کی بناءپر وہ اس کے خلاف آواز اٹھاتے آ رہے تھے جس پرزیک سمتھ نے استعفی دیدیا۔اگرپاکستانی تاریخ کودیکھاجائے توکسی بھی جماعت نے صرف اپنے ووٹرزکے ساتھ انتخابات میں کئے گئے وعدے پورے نہ ہونے پرکبھی استعفی نہیں دیاہے ۔