اسلام آباد(ایکسکلوژو رپورٹ)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی انٹرا پارٹی الیکشن کے بعد صوبائی انٹر اپارٹی انتخابات میں پنجاب کے تمام عہدیداروں کوبھی بلا مقابلہ منتخب کر لیا گیا۔وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو دوبارہ پنجاب کا صدر منتخب کر لیا گیا۔ مسلم لیگ (ن) کے صوبائی الیکشن کمشنر منشا اللہ بٹ نے ایکسو سنٹر میں نتائج کا اعلان کیا۔ پنجاب کی صدارت کیلئے دو امیدواروں محمد شہباز شریف اور شوکت علی نے کاغزات نامزدگی داخل کرائے تاہم شوکت علی نے جانچ پڑتال کے دوران کاغذات نامزدگی واپس لے لئے جس کے باعث وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف بلا مقابلہ مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر منتخب ہو گئے۔ نائب صدر کیلئے ملک ندیم کامران ،نائب صدور کیلئے محمد ارشد لغاری اور نگہت پروین ، سیکرٹری مالیات کیلئے میاں مرغوب احمد اور سیکرٹری اطلاعات سمیع اللہ چوہدری نے کاغذات نامزدگی داخل کرائے اور ان کے مد مقابل کوئی امیدوار نہ ہونے کے باعث تمام کو بلا مقابلہ منتخب کر لیا گیا۔ محمد شہباز شریف کے بلا مقابلہ صدر منتخب ہونے کے اعلان کے ساتھ ہی ہال دیکھو دیکھو کون آیا شیر آیا شیر آیا کے نعروں سے گونج اٹھا۔واضح رہے کہ اس سے قبل (ن) لیگ کے مرکزی انتخابات میں بھی تمام عہدیداروں کو بلا مقابلہ منتخب کر لیا گیا تھا جس میں نواز شریف مسلم لیگ(ن) کے صدر منتخب ہوئے تھے۔