اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ) مقبوضہ کشمیرمیں برہان وانی کی شہادت کے بعدنئے حریت پسند رہنما ذاکر موسیٰ کے ویڈیو پیغام نے بھارتی فوج کی نیندیں حرام کر دی ہیں ۔ ایک نجی ٹی وی کے مطابق حریت پسند رہنماذاکرموسی نے کہاہے کہ حریت پسندوں میں اب سکھ بھی شامل ہورہے ہیں اوران کاحریت پسندوں میں ایک الگ گروپ ہے اورباضابطہ طورپرسکھ حریت پسندوں کاالگ گروپ بنایاجائے گا۔انہوں نے کہاکہ برہان وانی کی شہادت کے بعد ہر کشمیری برہان وانی بننے کے لیے تیار ہے۔ ذاکرموسی نے کہاکہ بھارتی مظالم سے تنگ ہوکر سکھ بھی حریت پسندوں کے ساتھ ملناشرو ع ہوگئے ہیں جس کی وجہ سے ہماری طاقت میں اضافہ ہوتاجارہاہے ۔ویڈیو پیغام میں ذاکر موسی نے انکشاف کیا کہ کئی سکھ نوجوان پولیس سے ہتھیار چھین کر حریت پسندوں کے ساتھ شامل ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کشمیری پنڈتوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے گھروں کو واپس آ جائیں ۔ حریت پسند ان کی حفاظت کے لیے بھرپور اقدامات کریں گے۔ ذاکر موسیٰ نے بتایاکہ بھارتی فوج آپریشن بلیو سٹار کی طرح مقبوضہ کشمیر میں بھی قتل عام کی تیاری کر رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارتی فوج کامقابلہ کرنے کےلئے تیارہیں ۔انہوں نے کہاکہ شہیدوں کاخون ضروررنگ لائے گا۔