کراچی(این این آئی)سندھ کے وزیر صنعت وتجارت منظور حسین وسان نے انکشاف کیا ہے کہ پنجاب کو ملک بنانے کہ سازش کی جارہی ہے،اسٹیٹ بینک کو کراچی سے لاہور منتقلی سازش کا پہلا قدم ہے،دارالخلافہ اسلام آباد لے جانے کا سلسلہ بھی ایسے ہی شروع کیا گیا تھا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ کہایہ جارہاہے کہ اسٹیٹ بینک لاہور منتقل ہوگا تو کام اچھا کریگا۔میں وفاق سے پوچھتا ہوں کہ کیا کراچی میں بہتری نہیں ہے؟۔انہوں نے کہاکہ اسٹیٹ بینک کی لاہور منتقلی میں کسی اور ملک کا بھی ہاتھ ہو سکتا ہے۔منظوروسان نے کہاکہ پنجاب کو ملک بناکر چھوٹے صوبوں کو اس کی کالونی بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔سندھ میں پہلے ہی احساس محرومی ہے وفاقی حکومت ایسے اقدام کر کے کیا چاہتی ہے۔انہوں نے کہاکہ میں وزیر صنعت کی حیثیت سے اسٹیٹ بینک کو منتقل نہیں ہونے دوں گا اورسندھ کی صنعتوں اور صوبے کے مفادات کا ہر صورت میں تحفظ کروں گا۔ انہوں نے کہاکہ اسٹیٹ بینک کے چار اہم شعبوں کی منتقلی کراچی کی صنعتوں کو تباہ کردے گی۔