ماسکو(این این آئی)روس کے نائب وزیر خارجہ نیولائی بانکوف نے کہاہے کہ ان کا ملک شام کے شہر طرطوس میں اپنی فوجی تنصیبات کو ایک مستقل فوجی اڈے میں تبدیل کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سینیٹ میں بین الاقوامی امور کی کمیٹی کے اجلاس کے دوران انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں دستاویزات کی تیاری مکمل کر لی گئی ہے اور مختلف باڈیز کے درمیان کوآرڈی نیشن جاری ہے۔بانکوف نے توقع ظاہر کی کہ عنقریب وزارت دفاع پارلیمنٹ سے اس معاملے سے متعلق دستاویزات کی منظوری کا مطالبہ کرے گی۔شام کی بندرگاہ طرطوس نے 1977ء میں سوویت یونین کے بیڑے کو لوجسٹک خدمات پیش کرنے کا آغاز کیا تھا۔ یہ پیش رفت دونوں ملکوں کے درمیان 1971 میں دستخط کیے جانے والے معاہدے کے بعد سامنے آئی۔ طرطوس کی بندرگاہ بحیرہ روم میں روسی بحریہ کے لیے واحد مقام ہے۔