اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) گو کہ پاک بھارت کشیدگی ان دنوں تھوڑی ٹھنڈی پڑتی جا رہی ہے تاہم تازہ ترین میڈیا ذرئع کے مطابق بھارت نے اب اپنی اسلحہ بنانے والی فیکٹریوں کو شارٹ نوٹس پر زیادہ سے زیادہ اسلحہ بنانے کیلئے تیار رہنے کا حکم دے دیا ہے ۔ تفصیلات کےمطابق بھارت سرکار نے پاکستان اور بھارت کے مابین کشیدگی کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر دفاعی ساز و سامان بنانے والی فیکٹریوں کو پیداوار میں اضافے کیلئے تیار رہنے کا حکم دیا ہے ۔ انڈیا کے معروف ترین جریدے ’’دی ٹائمز آف انڈیا ‘‘ کے مطابق بھارتی حکومت نے لائن آف کنٹرول پرپاکستان کے ساتھ کشیدگی میں اضافے کے حوالے سے جنگی اسلحہ بنانے والی فیکٹریوں اور سپلائرز کو پیداوار بڑھانے اور نئے معاہدوں کیلئے ہر وقت تیار رہنے کا حکم دیا ہے ۔ علاوہ ازیں بھارتی حکومت نے چند اعلیٰ حکام کو بھی ہدایات جاری کی ہیں کہ کشیدہ حالات میں پیدا ہونے والی ضروریات پر قابو پانے کیلئے بھارتی فوج کی صلاحیت اور سکت کا بھی جائزہ لیا جائے۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ حکومت نے اسلحہ سپلائرز پر واضح کر دیا ہے کہ ضرورت پڑنے پر اضافی جنگی اسلحہ کے معاہدے ہنگامی بنیادوں پر بھی دیے جا سکتے ہیں تاہم ذرائع کے مطابق اس تازہ ترین حکم کا مقصد بھارت کے دفاعی معاملات کا جائزہ لینا اور اسلحہ انڈسٹریز کی اہلیت ماپنا ہے۔