لاہور ( این این آئی) الیکشن کمیشن کی جانب سے الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں بھارتی کمپنی سے خریدنے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی ۔ مقامی شہری منیر احمد نے اظہر صدیق ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر درخواست میں الیکٹرونگ ووٹنگ مشینوں کو غیر ملکی کمپنیوں سے حاصل کرنے کے اقدام کو چیلنج کیا گیا ہے۔ درخواست میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے آئندہ انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے ذریعے کرانے کا ارادہ کیا ہے اور اس مقصد کے لیے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے حصول کے لئے انٹرنیشنل ٹینڈرز بھی طلب کیے تاہم کوئی بھی پاکستانی کمپنی الیکشن کمیشن کی شرائط پر پورا نہیں اتر سکی۔ جس کے بعد الیکشن کمیشن قواعد او ضوابط کے خلاف مشینیں بھارت سے خرید رہاہے۔ درخواست میں نشاندہی کی گئی کہ الیکٹرونگ ووٹنگ مشینوں کو ہیک کرنا انتہائی آسان ہے اور اس طرح حساس نوعیت کا ڈیٹا حاصل کیا جاسکتا۔ لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ بھارتی کمپنیوں سے الیکٹرونگ مشینوں کی خریداری کو روکا جائے۔