اسلام آباد (این این آئی)تربیلا فور توسیعی منصوبے کا 67 فیصد کام مکمل ہو گیا ہے۔ وزارت پانی و بجلی کے ذرائع کے مطابق تربیلا فور توسیعی منصوبے پر کام مئی 2017ء میں مکمل ہو جائے گا۔ منصوبے پر 92کروڑ ڈالر لاگت آئے گی اور اس سے 1410 میگاواٹ اضافی بجلی حاصل ہو گی۔ قبل ازیں یہ منصوبہ 2018ء میں مکمل کیا جانا تھا لیکن وزیراعظم کی ہدایت پر اس پر کام کی رفتار تیز کر دی گئی ہے اور اب یہ آئندہ سال کے اوائل میں مکمل ہو گا۔ عالمی بینک اس منصوبے کیلئے 84 کروڑ ڈالر فراہم کر رہا ہے جبکہ 8 کروڑ ڈالر کا انتظام واپڈا نے خود کیا ہے۔ پاور ہاؤس میں 370 میگاواٹ کے 3 الگ الگ یونٹس لگائے جائیں گے جس سے اس کی پیداواری استعداد 3478 میگاواٹ سے بڑھ کر 4888 میگاواٹ ہو جائے گی۔ اس منصوبے سے سالانہ 30 ارب 70 کروڑ روپے کا فائدہ ہو گا اور منصوبہ 3 سال میں اپنی لاگت پوری کر لے گا۔