چمن (آئی این پی )پا ک افغان بارڈر نویں روز بھی بند رہا، جس کی وجہ ہرقسم کی تجارتی سرگرمیاں معطل رہی، افغان حکومت کی جانب سے پاکستانی محنت کشوں کی زبردستی واپسی بھی جاری ہے جمعہ کے روز بھی 40 محنت کش واپس کئے گئے ۔ تفصیلات کے مطابق پاک افغان سرحد باب دوستی کے مقام پر نویں روز بھی بند رہا جس سے ہرقسم کی تجارتی سرگرمیاں بدستور معطل رہی افغان حکومت کی جانب سے افغانستان میں پاکستانی محنت کش جو پاسپورٹ اور ویزہ پر افغانستان میں موجود تھے اورمحنت مزدوری کیلئے گئے ہوئے تھے ان کو زبردستی واپس پاکستان بھیجنے کا سلسلہ جاری رہا جس میں آج جمعہ کے دن کے بھی 40 محنت کشوں کو واپس پاکستان بھیجاگیا جن سے پاسپورٹ اور دیگر اشیاء چھین لیاگیا تھا محنت کشوں نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ہمیں افغان حکام کی جانب سے شدید زد وکوب کیاگیا اور ہم سے سب کچھ چھین کر ہمیں خالی ہاتھ واپس پاکستان بھیجا گیا ہمارے پاس اپنے گھروں تک جانے کیلئے سفری خرچ تک نہیں جبکہ پاکستان بارڈر فورس ایف سی کی جانب سے ہمیں کھانا اور سفری خرچ فراہم کیاگیا ہے جس کا ہم ان کے مشکور ہے ۔ جبکہ بارڈر پر ہرقسم کی آمدروفت بندرہی بارڈر کی بندش کے باعث دونوں اطراف مال بردار ٹرکوں کی لائنیں لگ گئی ہیں۔