ینگون (این این آئی)میانمار کے وسطی علاقے میں 6.8 شدت کا زلزلہ آیا جس میں بھاری جانی و مالی نقصان کا خدشہ ظاہر کیاہے۔ امریکی جیالوجیکل سروے کے مطابق برما کے وسطی علاقے میں آنے والے زلزلے کی گہرائی 84 کلومیٹر تھی ٗ جس کا مرکز ’’چوک‘‘ سے 25 کلومیٹر دور، اس علاقے میں ہے جہاں قدیم شہر ’’باگان‘‘ ہوا کرتا تھا۔ میانمار کی حکومت نے زلزلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ علاقے میں امدادی کارروائیاں شروع کردی گئی ہیں۔زلزلے اس قدر شدید تھا کہ اس کے جھٹکے سیکڑوں کلومیٹر دور تھائی لینڈ، بنگلا دیش اور بھارتی ریاست مغربی بنگال کے دارالحکومت کولکتہ تک محسوس کئے گئے ۔ کولکتہ میں آفٹر شاکس کے پیش نظر زیر زمین ریلوے سروس معطل کردی گئی جب کہ بنگلا دیش کے دارالحکومت ڈھاکا کے مضافات میں واقع صنعتی علاقے ’’ساوار‘‘ میں زیر تعمیر عمارت کا سامان گرنے سے 20 مزدور زخمی ہوگئے۔