کراچی (این این آئی) چیئر پرسن سندھ بورڈ آف انویسٹمنٹ ناہید میمن نے کہا ہے کہ اسپیشل اکنامک زون میں سرمایہ کاری کے لئے 10 سال ٹیکس چھوٹ اور مشینری کی درآمد پر ایکسائز ڈیوٹی سے استثنیٰ کی پالیسی رکھی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج چینی اور پاکستانی کمپنی کے مابین کراچی کے بن قاسم نیشنل انڈسٹریل پارک میں تقریباََ 40 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری سے 10 ایکڑ رقبہ پر پیکنگ ٹیپ، اسکاچ ٹیپ اور بی او پی پی فلم بنانے کی انڈسٹری لگانے کے لئے آج سندھ بورڈ آف انویسٹمنٹ کے دفتر میں معاہدے کی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔ سندھ بورڈ آف انویسٹمنٹ نے چینی اور پاکستانی کمپنیوں کو قریب لانے میں مدد کی جس کی وجہ سے گیٹل گروپ چائنا کے مینجنگ ڈائریکٹر فینگ وین بن اور پاکستانی کمپنی ایزی ٹپس کے مینجنگ ڈائریکٹر عمران اقبال نے جوائنٹ وینچر کے تحت انڈسٹریل یونٹ لگانے کے لئے معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ ایک سال میں یہ یونٹ کام شروع کر دے گا جس سے ٹیکنالوجی آئے گی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔