لاہور ( این این آئی)لاہور ہائی کورٹ کے سابق چیف جسٹس خواجہ محمد شریف نے ایس ایس پی اشعر حمید کی موت کے حوالے سے جوائنٹ انٹیروگیشن ٹیم بنانے کیلئے وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کو خط ارسال کر دیا۔ خط میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ مرحوم کی والدہ شدید غم میں مبتلا ہیں، چھ مہینے میں دو بیٹوں اظہر حمید ایڈووکیٹ اور ایس ایس پی اشعر حمید کی موت قیامت سے کم نہیں ہے۔ سابق چیف جسٹس کا کہنا ہے کہ پورسٹ مارٹم رپورٹ کے باوجود اشعر حمید کی موت کی اصل وجہ نہیں بتائی جارہی ہے تاہم مرحوم کی دونوں آنکھوں پر چوٹوں کے واضع نشانات موجود تھے۔ خط میں انہوں نے مزید لکھا کہ اشعر حمید کی موت بظاہر قدرتی نہیں ہے بلکہ انہیں تشدد کر کے قتل کیا گیا ہے،انہوں نے وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف سے مذکورہ واقعہ کی مکمل تحقیقات اور موت کے اصل حقائق کیلئے جوائنٹ انٹیروگیشن ٹیم بنانے کی درخواست کرتے ہوئے ٹیم میں فرانزک ماہرین کو بھی شامل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ مذکورہ خط کی کاپی وزیر داخلہ پاکستان چودھری محمدنثار کو بھی ارسال کی گئی ہے۔