کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک )سندھ میں نئے وزیراعلی کے ساتھ ہی تبدیلی آگئی ہے،وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ منگل کو بھی صبح 9بجے وزیراعلی ہاؤس پہنچ گئے،وزیراعلیٰ کی جانب سے سرزنش کے بعد سرکاری ملازمین نے بھی وقت پر پہنچنا شروع کردیا ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے آئی جی سندھ کوہدایات دیتے ہوئے کہاکہ کراچی میں اسٹریٹ کرائم صفر ، پولیس کو عوام دوست اور جرائم پیشہ کا دشمن نظر آنا چاہیے۔تفصیلات کے مطابق نئے وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کی اوقات کار کے حوالے سے سرزنش کام کرگئی ہے او ر سرکاری ملازمین وقت پر دفاتر پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔ وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ منگل کو بھی صبح9 بجے اپنے دفتر پہنچے اور آتے ہی سندھ سیکرٹریٹ سے سیکرٹریز اور ڈویڑنل کمشنرز اور ڈی آئی جیز کی حاضری معلوم کی۔ جس کے بعد وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے واٹس ایپ پروزرا سے رابطہ کیا اور ڈویڑنل کمشنرز،ڈی آئی کمشنرز اور ڈی آئی جیز کی موجودگی معلوم کی۔ وزیراعلی سندھ مراد شاہ نے سرکاری افسران کو سختی سے ہدایت جاری کی ہے کہ عوام سے ملنے کے اوقات کار مقرر کریں اور ان کے مسائل کے فوری ازالے کی کوشش کریں۔آئی جی سندھ کو فون پر ہدایات دیتے ہوئے کہاکہ صوبے میں پولیس تھانوں کو فعال کیا جائے۔ پولیس افسران اور اہلکاروں کے عوام سے بہتر رویے کو یقینی بنایا جائے۔ تھانوں میں 24 گھنٹے کام اور عوام دوست کلچر متعارف کیا جائے۔وزیراعلی سندھ نے ہدایت کی کہ پولیس افسران کے گشت میں اضافہ کیاجائے۔سینئرپولیس افسران خود گشت کریں اور عوامی شکایت کے لئے کھلی کچہریاں لگائیں۔