کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)کراچی پولیس نے شہر میں مزید ایک ہزار کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ کر لیا، پہلے مرحلے میں حساس علاقوں میں200کیمرے لگائے جائیں گے۔سپریم کورٹ کے اظہار برہمی کے بعد سندھ پولیس کراچی میں بہتر کیمرے لگانے کے لیے سرگرم ہوگئی،شہر کے مختلف مقامات پر 10 اور12میگا پکسل کے 1 ہزار کیمرے لگائے جائیں گے۔کراچی میں اس سے پہلے 2 اور 5 میگا پکسل کے کیمرے لگے ہوئے تھے ، سپریم کورٹ نے 2 میگا پکسل کے کیمروں پر برہمی کا اظہار کیا تھا۔پولیس حکام کے مطابق کیمرے لگانے کا مقصد اسٹریٹ کرائم سمیت تمام جرائم کو روکنا ہے۔کیمرے لگانے سے متعلق دستاویز کے مطابق کیمرے اورنگی ٹاؤن، پی ایس او ہاؤس اور پریس کلب کے اطراف لگائے جائیں گے، گرومندر، ڈیفنس، خیابان حافظ، خیابان شاہین پر بھی کیمرے لگیں گے،شہر بھر میں 1ہزار کیمرے 3 سے 4 ماہ میں لگائے جائیں گے۔ پولیس ذرائع کے مطابق فوری طور پر حساس مقامات پر 200 سے زائد سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں گے جس کے لیئے فنڈ بھی جاری کر دیئے گئے ہیں۔ حساس علاقوں میں کیمرے 2 مرحلوں میں نصب کئے جائیں گے۔ پہلے مرحلے میں ڈسٹرکٹ ایسٹ میں 60 ، سینٹرل اور ضلع ویسٹ میں 30،30 اور ڈسٹرکٹ ساؤتھ میں 80 کیمرے نصب کئے جائیں گے۔سندھ پولیس کے کنٹرول میں شہری انتظامیہ اور سی پی ایل سی کے تحت لگے کیمروں سمیت 2300 سی سی ٹی وی کیمرے دو میگا پکسل ہیں لیکن اب 12 میگا پکسل کے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں گے۔