دبئی(آئی این پی)پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کے صدر آصف علی زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو رینجرز اختیارات میں توسیع کا نوٹیفکیشن فوری طورپر جاری کرنے کی ہدایت کر دی ، مراد علی شاہ کے ملک پہنچتے ہی نوٹیفکیشن جاری کر دیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کو وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے دبئی میں پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کے صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی جس دوران ملکی سیاسی اور امن وامان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ مراد علی شاہ نے سابق صدر آصف علی زرداری کو نئی صوبائی کابینہ سے متعلق امور پر بریفنگ دی ۔ نجی ٹی وی کے مطابق آصف علی زرداری نے رینجرز اختیارات میں توسیع کا نوٹیفکیشن فوری طور پر جاری کرنے کی ہدایت کر دی ہے ۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے وطن پہنچتے ہی نوٹیفکیشن جاری کردیا جائے گا۔ ترجمان وزیراعلیٰ ہاؤس کے مطابق مراد علی شاہ نے سندھ میں قائد ایوان بنانے پر سابق صدر کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آپ کی رہنمائی سے سندھ میں گڈ گورننس قائم کرنے میں مدد ملے گی ۔ سندھ کے عوام کی خدمت کے ساتھ ساتھ پارٹی کو بھی مضبوط کروں گا۔