لاہور(این این آئی ) ڈائریکٹر حج لاہور سعید احمد ملک نے بتایا ہے کہعازمین حج کو پاسپورٹ اور ٹکٹوں کی فراہمی کل بروز(منگل)سے شروع ہوگی ۔ لاہور سے پہلی حج پرواز4اگست کوصبح 6.30بجے مدینہ منورہ روانہ ہو گی۔ اس سال یہاں سے 30ہزار عازمین حج حجاز مقدس روانہ ہوں گے۔ حاجی اپنے ہمراہ لے جانے والی ادویات سر بمہر کروانے اور ٹکٹ و پاسپورٹ کے حصول کے لئے پرواز کی روانگی سے دو دن قبل حاجی کیمپ میں رپورٹ کریں ۔ اس موقع پر انہیں چار ضروری دستاویزات لازمی طور پر ہمراہ لانا ہوں گی جن میں بینک کی طرف سے حج واجبات کی وصولی کے بعد درخواست فارم سے علیحدہ کر کے جاری کی جانے والی رسید جس پر حاجی کی تصویر چسپاں ہو ‘وزارت حج کی طرف سے ارسال کیا جانے والا اطلاع نامہ ‘ قومی شناختی کارڈ بمع فوٹو کاپی اور بینک کی طرف سے تصدیق شدہ چھے عد د تصاویر شامل ہیں۔انہو ں نے بتایا کہ حاجی کیمپ پہنچ کر عازمین وزارت حج کی طرف سے جاری کردہ اطلاع نامہ متعلقہ ائیر لائن کے کاؤنٹر پر پیش کریں گے جہاں سے ان کے پاسپورٹ اور ٹکٹ ان کے حوالے کر دئیے جائیں گے ‘ عازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پاسپورٹ کھول کراس بات کی یقین دہانی کر لیں کہ ا س پر ان ہی کے کوائف درج اور تصویر چسپاں کی گئی ہے ‘ کسی شکایت کی صورت میں حاجی کیمپ میں موجود وزارت حج کے عملے سے فوری طور پر رابطہ کریں۔حاجیوں اس موقع پر ایک شناختی کارڈ بھی جاری کیاجائے گا ‘ اس پر ان کے تمام کوائف اور مکہ میں رہائش کا پتہ ‘مکتب نمبر وغیرہ درج ہو ں گے ۔حاجیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اسے لاکٹ کے طور پر ہر وقت پہنے رکھیں تا کہ گم ہو نے یا ساتھیوں سے بچھڑنے کی صورت میں دوبارہ ملنے میں زیادہ مشکل پیش نہ آئے ۔کسی حاجی کی اد اشدہ رقم سے لازمی کٹوتیوں کے بعد رہائش کے کرائے سے رقم بچ جانے کی صورت میں اضافی رقم کی واپسی کے لئے متعلقہ بینکوں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔عازمین حج کو مزید ہدایت کی گئی ہے کہ وہ روانگی کے دن پرواز کے مقررہ وقت سے کم از کم پانچ گھنٹے پہلے ائر پورٹ پہنچ جائیں ‘ فلائٹ روانگی سے اڑھائی گھنٹے قبل بکنگ بند کر دی جائے گی۔ ہر حاجی کو 25کلو گرام تک سامان ہمراہ لے جانے کی اجازت ہو گی ۔ حاجیو ں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ممنوعہ اشیا اور منشیات وغیرہ ہر گز ساتھ نہ رکھیں کیونکہ سعودی عرب میں منشیات لے جانے کی سزا موت ہے ۔ ادویات استعمال کرنے والے خواتین و حضرات مستند ڈاکٹر کے لیٹر پیڈ پر لکھا ہوا نسخہ ہمراہ لائیں اور متعلقہ عملے سے ادویات کا پلاسٹک بیگ سیل کروا لیں۔ حاجیو ں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ روانگی کے روز گھروں سے غسل کر کے آئیں اور حاجی کیمپ یا ائیر پورٹ کے حج ٹرمینل پر احرام باندھیں۔سعودی عرب پہنچ کر ملکی وقار کا خیال رکھیں اور سعودی قوانین کی سختی سے پابندی کر کے خود کو ذمہ داری شہری ثابت کریں ۔حکومت پاکستان نے حجاج کرام کی سہولت کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے ہیں ۔