اسلام آباد (این این آئی)سینٹ کو بتایاگیا ہے کہ رجسٹرڈ افغان پناہ گزینوں کی وطن واپسی کا پلان وزارت سیفران نے تشکیل دیا ہے ٗافغانی خود اپنے لوگوں کی ڈاکومنٹیشن کریں گے ٗوزیراعظم نے رجسٹرڈ افغان پناہ گزینوں کے پی او آر کارڈز کی معیاد میں 31 دسمبر 2016ء تک توسیع کرنے کی منظوری دی ٗ مزید توسیع نہیں دی جائیگی۔ وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر احمد حسن کے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر سیفران لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے بتایا کہ موجودہ وقت میں پاکستان میں 1.5 ملین رجسٹرڈ اور اوسطاً ایک ملین ایسے افغانی ہیں جن کا دستاویزات میں اندراج نہیں ٗاب فیصلہ ہوا ہے کہ افغانی خود اپنے لوگوں کی ڈاکومنٹیشن کریں گے اور ان کو وہاں سے کاغذات ایشو کئے جائیں گے۔ افغان حکومت پر اس سلسلے میں زور دے رہے ہیں‘ ان کی کارروائی کا انتظار ہے۔ وزیراعظم نے رجسٹرڈ افغان پناہ گزینوں کے پی او آر کارڈز کی معیاد میں 31 دسمبر 2016ء تک توسیع کرنے کی منظوری دی ہے۔ اس کے بعد کوئی مزید توسیع نہیں دی جائے گی۔ سیکرٹری سیفران کی سربراہی میں ایک بین الوزارتی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ یہ کمیٹی وزیراعظم کی ہدایات کی روشنی میں رجسٹرڈ پناہ گزینوں کی فوری وطن واپسی کا پلان تشکیل دے گی۔ رجسٹرڈ افغان پناہ گزینوں کی فوری وطن واپسی کا پلان وزارت برائے سیفران کی جانب تشکیل دیا گیا ہے۔ افغان پناہ گزین30 فیصد کیسوں میں اور 70 فیصد کیسوں سے باہر ہیں۔ کئی پناہ گزین ادھر ادھر پھیل گئے ہیں۔ بہت بڑی تعداد کراچی‘ کوئٹہ اور اسلام آباد میں ہے۔