اسلام آباد (این این آئی)سینٹ کو بتایاگیا ہے کہ وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے ایوان کو بتایا کہ نیویارک میں پی آئی اے کے روز ویلٹ ہوٹل کا منافع تین ارب 79 کروڑ ڈالر‘ 2012ء میں 3 ارب 20 کروڑ ڈالر‘ 2013ء میں دو ارب 43 کروڑ 80 لاکھ ڈالر اور 2014ء میں تین ارب 72 کروڑ 40 لاکھ ڈالر رہا جبکہ 2015ء میں 39 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کا خسارہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پی آئی اے کی کارکردگی بہتر بنانے کے لئے اقدامات کر رہی ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔سینیٹر احمد حسن‘ سعید الحسن مندوخیل اور اشوک کمار کے سوالات کے جواب میں وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے ایوان کو بتایا کہ نئے اسلام آباد ایئرپورٹ کا 73 فیصد تعمیراتی کام ہو چکا ہے۔ 25 دسمبر تک تمام کام مکمل ہونے کی توقع ہے جس کے بعد ایئرپورٹ کو آپریشنل کرنے کے لئے چھ ماہ کا عرصہ درکار ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اگلے سال جون تک ایئرپورٹ مکمل طور پر فعال ہو جائے گا۔