اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ جنرل راحیل شریف سے متعلق شکوک و شبہات پھیلانا آپریشن ضرب عضب کو کمزور کرنے کے مترادف ہے۔قومی سلامتی کے ادارے کے سربراہ کے طور پر ابھی ان کی ریٹائرمنٹ میں بہت وقت ہے ، جنرل راحیل شریف کو بلانے والے احمق اور نادان ہیں ۔نجی ٹی وی چینل کے مطابق جنرل راحیل شریف کی مدت ملازمت میں توسیع اور سیاست میں آنے کی دعوت دینے کے بینرز لگنے پر اپنے رد عمل میں پرویز رشید کا کہنا تھا کہ جنرل راحیل شریف کے متعلق شکوک و شبہات پھیلانا ضرب عضب کو کمزور کرنے کے مترادف ہے ۔آرمی چیف کو بلانے والے نادان اور احمق ہیں ، ایسے احمق اور نادان دوست کسی کا بھلا نہیں چاہتے ۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف کار روائی کیلئے وزیر اعظم نواز شریف نے باہمی اتفاق رائے پیدا کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم کشمیری عوام کے ساتھ ہیں اور ان کی ہر طرح سے سیاسی و اخلاقی مدد جاری رکھی جائے گی۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا کہ آرمی چیف کو بلانے والے سن لیں کہ قوم ان کا ساتھ نہیں دے گی ۔ ملک میں جمہوریت بہتری کی جانب گامزن ہے ، فوج اور حکومت میں اچھے تعلقات ہیں ۔