راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور علی حیدر گیلانی کی آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے آرمی چیف سے ملاقات کے دورانبیٹے کی بازیابی کے لئے کی گئی کوششوں پر ان کا شکریہ ادا کیا جبکہ علی حیدر گیلانی کا کہنا ہے کہ انہوں نے ملاقات میں آرمی چیف کو آگاہ کیا کہ آپ ہی وہ واحد شخصیت ہیں جن سے طالبان سخت خوفزدہ ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پیر کے روز جی ایچ کیو راولپنڈی میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے اپنے صاحبزادے علی حیدر گیلانی کے ہمراہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقات کی جس میں اسبق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے دہشتگردی کے خلاف پاک فوج کو حاصل ہونے والی کامیابیوں کی تعریف کی اور پاک فوج کے جوانوں کی قربانیوں کو سراہا۔ ملاقات میں یوسف رضا گیلانی نے علی حیدر گیلانی کی بازیابی کے لئے پاک فوج کی کوششوں پر شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر علی حیدر گیلانی نے آرمی چیف کو کہا کہ آپ ایک بہادر فوجی سپاہی ہیں اور آپ ہی وہ واحد شخصیت ہیں جن سے طالبان شدید خوفزدہ ہیں۔