ریاض ( آئی این پی ) سعودی عرب میں تعینات پاکستانی سفیر منظور الحق نے کہا ہے کہ مدینہ منورہ اور قطیف دھماکوں میں کوئی پاکستانی شہید یا زخمی نہیں ہوا تمام پاکستانی محفوظ ہیں اس حوالے سے پاکستانیوں سے متعلق معلومات جمع کی جا رہی ہیں ۔ پیر کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سعودی عرب میں پاکستانی سفیر منظور الحق نے کہا کہ اس دفعہ رمضان المبارک میں مدینہ منورہ اور مکہ میں بہت زیادہ مسلمان آئے جن کی تعداد گزشتہ کئی سالوں میں سب سے زیادہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مدینہ منورہ اور قطیف بم دھماکوں میں فی الحال کسی پاکستانی کے شہید یا زخمی ہونے کی اطلاعات نہیں ملی تمام پاکستانی محفوظ ہیں ۔ اس حوالے سے مزید معلومات حاصل کی جا رہی ہیں ۔ دریں اثناء ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ مدینہ منورہ اور قطیف میں کسی پاکستانی کی ہلاکت یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی ، سعودی عرب میں پاکستانی سفارت خانے کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ پیر کو سعودی عرب میں یکے بعد دیگرے مدینہ منورہ اور قطیف میں بم دھماکوں کے حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ مدینہ منورہ اور قطیف میں کسی پاکستانی کی ہلاکت یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی ، سعودی عرب میں پاکستانی سفارت خانے کے ساتھ رابطے میں ہیں۔