کراچی (این این آئی)سندھ کے سینئر وزیر تعلیم اور پارلیمانی امور نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ نوازلیگ کے میرجعفر وزیر داخلہ چوہدری نثار ایک بار پھر 12اکتوبر 1999 جیسا واقعہ کروانا چاہتے ہیں، میاں نوازشریف کو اپنے صفو ں میں غداروں کو تلاش کرنا چایئے جو جمہویت پر شب وخون مار کر ایک بار پھر جمہوریت کو پٹری سے اتارنا چاہتے ہیں اور حقیقت میں یہی لوگ جمہوریت کے دشمن ہیں۔انھوں نے یہ بات جمعہ کو میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کی۔نثار کھوڑو نے مزید کہا کہ چوہدری نثار پیپلز پارٹی کی قیادت کے احتساب کی بات کررہے ہیں لیکن ملک کا ہر بچہ بچہ اس بات کی گواہی دے گا کہ پی پی قیادت ہر دور میں زیر عتاب رہی ہے۔ہر دور میں پی پی کا احتساب ہوتا رہا ہے جس کی مثال آصف علی زرداری کی مسلسل 11سال جیلوں میں قیدوبندکی صعوبتیں برداشت کرنا اور محترمہ بینظیر بھٹوشہید کا ہر ملک کی ہر عدالت کے سامنے پیش ہونا ہے۔انھوں نے کہا کہ چوہدری نثار بتائیں کہ ملک کے اندر جب بھی احتساب کا معاملہ آیا تو نوازلیگ کی قیادت ملک سے ہی فرار ہوجاتی ہے ۔انھوں نے مزید کہا کہ ہم نے ہردور میں اپنے آپ کو عوام کی عدالت میں پیش کیا ہے اور عوام سب سے بڑی عدالت ہے،عوام کی عدالت شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو کو آج بھی ہیرو قرار دے کر ان کے نام تاریخ کے سنہری حرفوں میں شامل کرکے امر کیا ہے جبکہ آمریت کے روحانی رہبر ضیائی باقیات کو ہمیشہ کے لیئے دفن کردیا ہے ۔انھوں نے خبرداد کیا کہ اب کوئی بھی ضیا ء کی روحانی اولاد جمہوریت کے خلاف سازش میں کامیاب نہیں ہوسکتی کیونکہ جمہوریت کی بحالی میں شہید رانی محترمہ بینظیر بھٹو شہید سمیت ہزاروں شہید وں کا خون اور اعتماد شامل ہے۔