راولپنڈی /کراچی (این این آئی)پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ دہشتگردوں ٗان کے حمایتیوں اور مالی وسائل فراہم کر نے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رہے گی ٗپورے کراچی میں امن اور حالات کو معمول پر لانے کے مقاصد کو ہرصورت پر حاصل کیاجائیگا ٗ رینجرز کو اپنے مشن کی تکمیل کیلئے انٹیلی جنس اور دیگر تمام ضروریات فراہم کی جائیں گی ٗتمام کمانڈرز ٗ انٹیلی جنس ایجنسیاں ایک دوسرے کے ساتھ رابطہ بڑھائیں ٗ کراچی میں دہشتگردانہ واقعات میں ملوث افراد کو گرفتار کرنے کیلئے کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے اتوار کو کراچی میں سندھ رینجرز کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا اس موقع پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف کو ڈی جی رینجرز نے موجودہ آپریشن ٗ کراچی کی موجودہ سکیورٹی صورتحال اور مستقبل کے آپریشن کے منصوبہ سے آگاہ کیا ۔آرمی چیف نے سندھ رینجرز کی قربانیوں اورکامیابیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے شہر میں امن وامان کی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے بہت قربانیاں دی ہیں ۔رینجرز سے خطاب میں آرمی چیف نے کہاکہ عزم ٗ حوصلے اور سندھ رینجرز کے مضبوط ارادوں کی وجہ سے دہشتگرد وں اور جرائم پیشہ افرادکو کراچی سے نکالنے پر کراچی کے عوام نے عزت و احترام دیا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشتگردوں ٗان کے حمایتیوں ٗ مالی وسائل فراہم کر نے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رہے گی ۔انہوں نے کہاکہ پورے کراچی میں امن اور حالات کو معمول پر لانے کے مقاصد کو ہر صورت حاصل کیا جائیگا ۔انہوں نے کہاکہ رینجرز کو اپنے مشن کی تکمیل کیلئے انٹیلی اور دیگر تمام ضروریات فراہم کی جائیں گی حالیہ واقعات کا ذکر کرتے ہوئے آرمی چیف نے تمام کمانڈروں ٗ انٹیلی جنس ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ وہ ایک دوسرے کے ساتھ رابطہ بڑھائیں اور ان واقعات میں ملوث افراد کو پکڑنے کیلئے کوئی کسر نہ اٹھارکھی جائے ۔