کراچی (آئی این پی )سابق صدر آصف زرداری کے منہ بولے بھائی اویس مظفر ٹپی گزشتہ سال کراچی ائیر پورٹ سے اپنے بھائی کی موت کا بہانہ بنا کر بیرون ملک فرار ہو گئے تھے ، نیب ،ایف آئی اے اور دیگر تحقیقاتی اداروں نے زمینوں اوردواؤں کی خریداری سمیت دیگر معاملات میں کرپشن کے حوالے سے معلومات جمع کرنی شروع کردی ہیں ،آئند چند روز میں اس حوالے سے اہم انکشافات متوقع ہیں۔ ذرائع کے مطابق نیب ،ایف آئی اے اور دیگر تحقیقاتی اداروں نے اویس مظفر ٹپی کے زمینوں اوردواؤں کی خریداری سمیت دیگر معاملات میں کرپشن کے حوالے سے معلومات جمع کرنی شروع کردی ہیں۔سابق صدر آصف زرداری کے منہ بولے بھائی اویس مظفر ٹپی کو گزشتہ سال جون میں کراچی کے جناح انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر گرفتار کر لیا گیا تھا تاہم انہوں نے بتایا کہ ان کے بھائی وسیم مظفر فوت ہو گئے ہیں جن کی میت کو لینے لندن جانا ہے اس پر انہیں چھوڑ دیا گیا تھا ، بیرون ملک فرار ہونے کے بعد اویس مظفر ٹپی اب تک واپس نہیں آئے، ذرائع کے مطابق 2008-2013 تک سندھ حکومت میں کسی کا کوئی ٹینڈر پاس کرانا ہوتا تو سڑکوں ، تعلیم ، ہیلتھ میں دیگر محکموں میں انکے فرنٹ مین کمپنیوں کے پاس جا کر اپنا شیئر لیتے تھے جس کے بعد ٹینڈر کی اجازت دی جاتی تھی ۔ حساس اداروں اور مختلف تحقیقاتی اداروں نے اس حوالے سے تحقیقات اور معلومات اکٹھی کرنا شروع کر دی ہیں اور آئند چند روز میں اس حوالے سے اہم انکشافات متوقع ہیں۔