یویارک(مانیٹرنگ ڈیسک)سوشل میڈیا کی دنیا کی مقبول ترین ویب سائٹ فیس بک نے امریکا میں پہلی مرتبہ سیفٹی چیک کا فیچر متحرک کردیا ۔ یہ اقدام ریاست فلوریڈا کے شہر اورلینڈو میں ایک نائٹ کلب میں مسلح شخص کے ہاتھوں 50 افراد کی ہلاکت کے بعد کیا گیا ۔میڈیارپورٹس کے مطابق سیفٹی چیک کا فیچر جس کا فیس بک پر اطلاق پہلی مرتبہ اکتوبر 2014 میں کیا گیا، صارفین کو کسی بھی قدرتی آفت، بحران یا واقعے کے بعد اپنی خیریت سے آگاہ کرنے اور متاثر علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دوستوں اور متعلقین کو تلاش کرنے کی اجازت دیتا ہے۔فیس بک کے چیف ایگزیکٹو مارک زوکربرگ نے اپنے سرکاری کھاتے پر بتایا کہ جب میں صبح بیدار ہوا تو مجھے اورلینڈو میں فائرنگ کی خبر نے ہلا کر رکھ دیا۔ میرا دل اور دعائیں واقعے کا شکار ہونے والے افراد اور ان کے خاندان کے ساتھ ہیں۔امریکا کے شہر اورلینڈو میں اتوار کے روز ایک مسلح شخص نے ہم جنس پرستوں کے نائٹ کلب میں داخل ہو کر اندھادھند فائرنگ کر کے 50 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ یہ امریکا کی تاریخ میں فائرنگ کا بدترین واقعہ ہے۔پولیس نے فائرنگ کرنے والے حملہ آور کو ہلاک کردیا۔ حملہ آور کا نام عمر متین (29 سالہ) بتایا گیا ہے۔ فلوریڈا کا رہائشی عمر افغان نڑاد امریکی شہری تھا۔