فیصل آباد(این این آئی)خیبرپختونخوامیں چوہوں کی صورت اللہ کا عذاب آگیا ہے ، وزیر مملکت عابد شیر علی نے کہاہے کہ عمران خان ملک میں انتشار کی سیاست اور پاکستان کے حالات قابو سے باہر کرنا چاہتے ہیں ۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیرمملکت پانی وبجلی عابد شیر علی نے کہا کہ عمران خان نے پہلے بھی کنٹینر پر شوق پورا کیا تھا اور اب بھی وہ ملک میں انتشار کی سیاست چاہتے ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ پاکستان کے حالات قابو سے باہر ہوجائیں۔ خیبر پختون خوا اور پنجاب حکومت کا تقابلی جائزہ لینے کا چیلنج کرتا ہوں۔ خیبرپختون خوا میں تحریک انصاف کی حکومت بری طرح ناکام ہوچکی ہے وہاں تو خواجہ سراؤں کی بھی شامت آئی ہوئی ہے اور ان کا کوئی پرسان حال نہیں، صوبے میں چوہوں کی صورت اللہ کا عذاب آگیا ہے اور خیبر پختون خوا حکومت چوہے مار رہی ہے۔ وزیر مملکت نے کہاکہ پنجاب میں جلد انصاف کی فراہمی کیلئے وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی ہدایت پر 24 تھانوں میں فرنٹ ڈیسک بنا دیا گیا ہے جس میں عوام شکایات کا اندارج کراسکیں گے۔ اگر کسی اہلکار نے قانون کی خلاف ورزی کی تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ٗپولیس تشدد نے چائے فروش کی ہلاکت کے معاملے کی تحقیقات سی پی او فیصل آباد کریں گے۔وفاقی وزیر عابد شیرعلی کے بیان پر تحریک انصاف کے رہنماؤں نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے ۔