لاہور ( این این آئی) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے لیے سرکاری حکام نے استعمال شدہ طیارے کی تلاش شروع کردی ۔ نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ وزیراعلی شہباز شریف ایک پرانے ماڈل کا طیارہ خریدنے کا ارادہ رکھتے ہیں تاکہ ان کی حکومت پر کسی بھی قسم کے کرپشن اوران پر قومی خزانے کو لونٹے کے الزامات نہ لگ سکے۔استعمال شدہ طیارے کی تلاش کا کام پنجاب حکومت کے افسران کو سونپا گیا ہے۔وزیر اعلیٰ نے افسران کو کم قیمت پر استعمال شدہ طیارہ تلاش کرنے کی ہدایت کی ہے جس کی قیمت کم از کم 20 لاکھ ڈالر ( 2ارب روپے ) ہو، طیارہ 12سیٹوں پر مشتمل اور خاص طور پر غیر ملکی کمپنی کا ہو اور کسی جرائم پیشہ فرد یا کسی شوبزشخصیت کی نہ ہو۔خیال رہے کہ ان تمام خصوصیت کے حامل نئے طیارے کی عالمی مارکیٹ میں قیمت 30لاکھ ڈالر ( تقریباً3ارب روپے ہے ۔ حکام نے بتایا کہ طیارے کی خریداری کے حوالے سے رابطہ کیا جائے گا، ہوسکتا ہے کہ جہاز بنانے والی کمپنی سے استعمال شدہ طیارے کو خریدنے کے بارے میں بات کریں۔حکام نے بتایا کہ نئی جہاز کی قیمت عام طور پر بہت زیادہ ہے لیکن وزیر اعلیٰ پنجاب کم قیمت پر استعمال شدہ جہاز خریدنا چاہتے ہیں تاکہ کوئی ان کے جہاز خریدنے پر مخالفت نہ کرسکے۔ اسی وجہ سے ہم جہاز بنانے والی کمپنی سے رابطہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔استعمال شدہ طیارے کی قیمت بھی اتنی کم نہیں، اس سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہاں استعمال شدہ طیارے کی قیمت بھی بہت زیادہ ہے، بہر حال ہم وزیر اعلی پنجاب کے حکم کے مطابق 2ارب روپے کا استعمال شدہ طیارہ خریدیں گے۔