اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اپنے ٹویٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ وزیر دفاع خواجہ آصف کی وکٹ گرنے والی ہے۔انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف کے حلقے این اے 110میں 35 ہزار ووٹوں کاریکارڈ غائب ہے اوراین اے 110 کی صورتحال این اے 122 اور 154 جیسی ہے۔عمران خان نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ این اے 110 کی نادرا رپورٹ میں حیرت انگیز انکشافات ہوئے ہیں۔این اے 110،122، 154 کی رپورٹوں میں غیر معمولی مماثلت ہے۔ انہوں نے کہا کہ این اے 110 میں ایک لاکھ سے زائد ووٹوں کی تصدیق نہیں ہو سکی۔ خواجہ آصف صرف 20 ہزار ووٹوں کے فرق سے جیتے تھے۔ رائع کے مطابق نادرا حکام نے این اے 110 کے ووٹوں کی فرانزک آڈٹ رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی ہے۔ جس کے مطابق حلقے میں ایک لاکھ 2 ہزار 950 ووٹوں پر انگوٹھوں کے نشانات واضح نہیں۔ نشانات واضح نہ ہونے پر ووٹوں کی تصدیق نہیں ہو سکی تاہم ان ووٹوں کے شناختی کارڈ نمبرز درست ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حلقے کے 44 ہزار 700 سے زائد ووٹ درست نکلے۔ تین ہزار چار سو اکہتر ووٹوں کی مختلف وجوہات کے باعث تصدیق نہ ہو سکی جبکہ صرف 20 ووٹ ایسے ہیں جن کا کوئی علم نہیں ہو سکا۔ این اے 110 سے خواجہ آصف کامیاب ہوئے تھے جن کی کامیابی تحریک انصاف کے عثمان ڈار نے الیکشن ٹربیونل میں چیلنج کیا تھا۔ این اے 110 ان حلقوں میں شامل ہے جس کی تحریک انصاف نے ووٹوں کی تصدیق کا مطالبہ کیا تھا۔