اسلام آباد(این این آئی)افغان صدر اشرف غنی نے وزیراعظم محمد نواز شریف کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے۔ منگل کو افغان صدر نے اپنے پیغام میں وزیراعظم محمد نواز شریف کی اچھی صحت کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ وزیراعظم نواز شریف اور انکے خاندان کیلئے نیک خواہشات رکھتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ سرجری کا عمل احسن طریقے سے مکمل ہو گا۔ انہوں نے وزیراعظم نواز شریف کی جلد صحت یابی کیلئے بھی دعا کی۔تاجکستان کے صدر امام علی رحمان نے وزیراعظم محمد نواز شریف کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے۔ تاجکستان کے صدر نے اپنے پیغام میں کہا کہ مجھے آپ کی بیماری اور ہارٹ سرجری کا سن کر بہت افسوس ہوا، میرے پیارے بھائی میں آپ کی جلد صحت یابی کیلئے دعاگو ہوں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ وزیراعظم محمد نواز شریف جلد صحت یاب ہو کر اپنے فرائض منصبی سنبھال کر ہمارے دوست ملک پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے اپنی خدمات سرانجام دیں گے۔ روس کے صدر ولادی میر پیوٹن نے وزیراعظم محمد نواز شریف کی جلد صحت یابی کیلئے نیک خواہشات اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ صدر پیوٹن کے پیغام میں روس کے دوسرے رہنماؤں کی طرف سے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا ہے۔برطانیہ کے وزیر خارجہ فلپ ہیمنڈ نے وزیراعظم محمد نواز شریف کی جلد اور مکمل صحتیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اپنے پیغام میں ہارٹ سرجری سے وزیراعظم کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔