کراچی (آئی این پی)پی سی بی کے چیئرمین شہریار خان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے بھارتی بورڈ سے باہمی سیریز کی بحالی پر بات چیت کرنے سے روک دیا ہے ۔ حکومت نے پی سی بی کو نئی ہدایات جاری کی ہیں جس کے بعد اب بات چیت کا عمل جاری نہیں رکھا جا سکتاہے ۔تفصیلات کے مطابق حکومت نے پی سی بی کوواضح طور پر ہدایت کی ہے کہ اب وہ کسی بھی قسم کے ڈائیلاگ میں روایتی حریف کے ساتھ منسلک نہیں ہوں گے جب تک کہ کوئی نئی ہدایت جاری نہ کر دی جائے ۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ یہی وجہ تھی کہ حالیہ آئی سی سی میٹنگ میں بی سی سی آئی کے عہدیداروں سے اس معاملے پر کوئی رابطہ نہیں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انوراگ ٹھاکر کا بی سی سی آئی کے نئے صدرکے طور پر آنا پاک بھارت کرکٹ تعلقات کیلئے خوش آئند ہے کیونکہ وہ نا صرف بھارتی بورڈ بلکہ حکومت کے بھی نمائندے ہوں گے ۔ اس لئے مستقبل میں اگر بات چیت کرنے کا موقع آیا تو معاملے کو بہتر کرنے اور دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ سیریز کی بحالی میں زیادہ آسانی ہو گی۔ شہریار خان نے بتایاکہ بھارت کاپاکستان کے ساتھ کرکٹ نہ کھیلنے کی وجہ سے بڑا مالی نقصان ہوا ہے مگروہ نیوٹرل وینیو پر بھی کھیلنے کیلئے تیار نہیں تھے ۔ پی سی بی نے ہر ممکن کوشش کی کہ بھارت کھیلنے کیلئے تیا رہو جائے لیکن بھارتی حکام نے مثبت جواب نہیں دیا ۔اس لئے اب نواز حکومت نے بھی بات چیت سے بالکل روک دیا ہے ۔ واضح رہے کہ ممبئی دہشت گرد حملوں کے بعد سے بھارت نے پاکستان کے ساتھ مکمل باہمی سیریز نہیں کھیلی ہے ۔