کراچی: پاکستانی کرکٹ ٹیم کے نوجوان فاسٹ باؤلر سہیل خان کی انجری کے باعث انگلینڈ کے خلاف وارم اپ میچ میں شرکت مشکوک ہوگئی۔ فاسٹ باؤلر بنگلہ دیش کے خلاف میچ میں انجرڈ ہوگئے تھے۔ اس میچ میں سہیل نے 6 اوورز میں 18 رنز دیگر ایک وکٹ حاصل کی تھی۔ ذرائع کے مطابق سہیل خان اب تک مکمل فٹ نہیں ہوسکے اور انگلینڈ کے خلاف میچ میں ان کی شرکت مشکوک ہے۔ ان کے مطابق سہیل خان کے بارے میں فیصلہ ایک سے دو دن میں کیےجانے کا امکان ہے۔ واضح رہے کہ زخموں سے چور پاکستانی ٹیم اس سے پہلے محمد حفیظ اور جنید خان کی خدمات سے بھی محروم ہو چکی ہے۔ گذشتہ روز محمد حفیظ ان فٹ ہونےکےسبب ورلڈکپ سے باہر ہو گئے تھے، ڈاکٹروں نے انہیں تین سے چار ہفتے تک آرام کا مشورہ دیا ہے۔ حفیظ کے متبادل کے طور پر ناصر جمشید کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ حفیظ سے پہلے فاسٹ باؤلر جنید خان بھی ان فٹ ہو کر ورلڈ کپ اسکواڈ سے باہر ہو چکے ہیں جبکہ سہیل تنویر اور عمر گل بھی اپنی فٹنس سے چیئرمن پی سی بی کو متاثرکرنےمیں ناکام رہےہیں۔ پاکستانی ٹیم بدھ کو سڈنی میں اپنے دوسرے وارم اپ میچ میں انگلینڈ کا مقابلہ کرے گی۔