شنگھائی(آئی این پی) چین میں 31 ہزار سے زائد افراد نے ایک ساتھ رقص کرکے نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا ہے۔گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کی ویب سائٹ کے مطابق اس تقریب میں 31 ہزار 697 افراد نے ایک ساتھ رقص کرکے نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا۔یہ تقریب ایک ساتھ شنگھائی، بیجنگ اور مزید 4 بڑے شہروں میں ہوئی۔ شرکا نے کھلے میدان اور مشہور مقامات پر ایک ساتھ 5 منٹ سے زیادہ رقص کیا اور اس طرح انہوں نے عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔چین میں عموماً اس طرح کا اجتماعی رقص عام ہے جو کھلے میدانوں، پارکس اور شاپنگ سینٹرز کے دالان میں کیا جاتا ہے۔ اسے پلازہ یا اسکوائر ڈانسنگ کہا جاتا ہے۔ اس طرح کے رقص میں ڈانس سے زیادہ ورزش شامل ہوتی ہے اور چینی بزرگوں میں پٹھوں اور ہڈیوں کی صحت کے لیے ایسے ڈانس کیے جاتے ہیں۔ چین میں اس سے بھی قبل ڈانس کے کئی بڑے مظاہرے کیے جاتے ہیں جن میں لوگ بہت دلچسپی لیتے ہیں۔