لاہور پاکستان کے ورلڈ کپ فائنل تک پہنچنے پر سٹار آل راؤنڈ شاہد آفریدی اپنے 400ون ڈے مکمل کر لیں گے ۔ وہ میگا ایونٹ میں دو سنگ میل ایک ساتھ عبور کرنے کے لیے تیار ہیں ،انکی نگاہیں 400ون ڈے وکٹوں اور 8000رنز پر مرکوز ہیں ،وہ پہلے ہی کہ چکے ہیں کہ یہ ورلڈ کپ ان کے اور قوم دونوں کے لیے کافی اہمیت کا حامل ہے ۔شاہد آفریدی نے گزشتہ برس کے اختتام پر ہی یہ اعلان کر دیا تھا کہ وہ ورلڈ کپ کے بعد ون ڈے کرکٹ کو خیر آباد کہ دیں گے اور اسی لیے وہ اسے یادگا ر بنانے کے خواہاں ہیں۔انہوں نے اب تک 391ایک روز ہ میچز میں 23.58کی اوسط اور 116.79کے سٹرائیک ریٹ سے 7948رنز بنا رکھے ہیں جن میں 6سنچریاں اور 39نصف سنچریاں شامل ہیں ،اس دوران انہوں نے 345چھکے جڑے ۔ باؤلنگ میں بو م بوم آفریدی اب تک 33.96کی اوسط اور 4.62کے اکانومی ریٹ سے 393شکار کر چکے ہیں ۔