اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے گزشتہ 3 سال میں ترقیاتی بجٹ کو دوگنا کر دیا ہے‘ سرمایہ کاری اور معاشی ترقی براہ راست ترقیاتی منصوبوں سے منسلک ہے‘ توانائی اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں پر جلد عملدرآمد ترجیحات میں شامل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز منصوبہ بندی ڈویژن کے دورے کے موقع پر کیا۔ جہاں وزیرمنصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے وزیراعظم نواز شریف کو ملک میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت سے متعلق آگاہ کیا۔ وزیر اعظم نواز شریف نے وزیر منصوبہ بندی و ترقی کو ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت سے متعلق مسلسل آگاہ رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ منصوبوں کی تکمیل میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں شفافیت اور معیار کو یکساں اہمیت دی جائے۔ وزیراعظم نواز شریف نے مزید کہا کہ موجودہ دور میں ملک نے پائیدار معاشی استحکام حاصل کیا۔