اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) نامعلوم ہائی جیکروں اور ائیر حکام کے درمیان رابطہ ہو گیا ، نجی ٹی وی کے مطابق نامعلوم ہائی جیکروں نے پانچ غیر ملکی مسافروں اور جہاز کے عملے کو باہر نکلنے سے روک لیا جبکہ باقیوں کو جانے کی اجازت دیدی گئی ۔ یاد رہے کہ نامعلوم ہائی جیکروں نے مصری ایئرلائن کا طیارہ ہائی جیک کرکے قبرص کے جنوبی ساحل کے قریب غرناطہ ایئرپورٹ پر اتارلیا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ہائی جیکروں نے غرناطہ کے کنٹرول ٹاور سے مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے 8 بجے رابطہ کیا اور 8 بج کر 50 منٹ پر جہاز کو ایئرپورٹ پر اترنے کی اجازت دے دی گئی۔ہائی جیکر کی طرف سے تاحال کسی قسم کے مطالبات سامنے نہیں آئے ہیں تاہم ایئرپورٹ پر ایمرجنسی ٹیم تعینات کردی گئی ہے اور ایئرپورٹ کو ہر قسم کی پروازوں کیلئے بند کردیا گیا ہے جبکہ روٹین کی پروازوں کو دوسرے ایئرپورٹس کی جانب موڑدیا گیا ہے۔برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کا کہنا ہے کہ طیارے میں ایک مسلح شخص موجود ہے۔مصری ایئرلائن کا طیارہ ایم ایس 181 اسکندریہ سے قاہرہ جارہا تھا اور اس نے صبح 8 بجے ٹیک آف کیا تھا اور اسے اڑان بھرے ہوئے ابھی صرف 30 منٹ ہوئے تھے کہ ہائی جیک ہوگیا۔ مصری ایئرلائن کی ایک خاتون اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ جہاز میں ایک بم کی موجودگی کی بھی اطلاعات ہیں۔ قبرص کے سرکاری ریڈیو نے رپورٹ دی ہے کہ طیارے میں عملے کے ارکان سمیت 80 سے 81 افراد سوار ہیں۔