راولپنڈی(نیو زڈیسک) آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی زیرصدارت جی ایچ کیو میں اعلیٰ سطح کا سیکیورٹی اجلاس ہوا،جس میں سانحہ لاہور کی تفتیش میں پیشرفت کا جائزہ لیا گیا ،ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ فوج اور رینجرز نے پنجاب میں 5آپریشنز کئے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے بریفنگ میں بتایا کہ لاہور ،فیصل آباد اور ملتان میں گزشتہ رات سے اب تک 5آپریشن کئے ہیں ،تمام ہی کارروائیاں فوج اور رینجرز کی انٹیلی جنس ایجنسیوں کے ساتھ مل کی گئیں۔آرمی چیف کو بتایا گیا کہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں ہونے والے آپریشن میں مشتبہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو بھی گرفتار کیا گیا ، جن سے اسلحہ و بارود کی بڑی مقدار بھی برآمد ہوئی۔دریں اثناءصوبہ پنجاب میں باقاعدہ آپریشن شروع کرنے کا کا اصولی فیصلہ کر لیاگیا ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے حکم پر پنجاب کے مختلف علاقوں میں آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ جنوبی پنجاب کے دو شہروں میں ٹیمیں روانہ کر دی گئی ہیں۔بھیجی گئی ٹیمیں کورکمانڈر کو اپ ڈیٹ سے آگاہ کریں گی۔آرمی چیف کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ آپریشن کے دوران کسی قسم کا کوئی اثرو رسوخ برداشت نہ کیا جائے۔ نجی ٹی وی کے مطابق پنجاب میں شروع کیے گئے اس آپریشن کی نگرانی کے لیے جی ایچ کیو راولپنڈی ہی میں ایک سیل قائم کر دیا گیا ہے جو پنجاب میں ہونے والے آپریشن کی خودنگرانی کرے گا اور اس سیل کے نگران پنجاب آپریشن سے متعلق آرمی چیف کو رپورٹ پیش کریں گے۔