اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا)نے ٹی وی چینلز کونیشنل ایکشن پلان پر اس کی روح کے مطابق عمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ چینلزمیڈیا ضابطہ2015 پر اس کی روح کے مطابق عمل کرے،نیشنل ایکشن پلان کی خلاف ورزی پر ٹی وی چینل کے خلاف سخت ایکشن ہو گا،چینلز سنسنی خیزی، متنازعہ فرقہ وارانہ معاملات پر اکسانے والے پروگرامز سے اجتناب کرے، چیئرمین پیمرا کو کوئی بھی پروگرام بند کرنے کا اختیار حاصل ہے۔منگل کو ایک بیان میں پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی نے کہا ہے کی نیشنل ایکشن پلان اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والے ٹی وی چینلز کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔پیمرانے چینلز پر زور دیا کہ وہ درجہ بندی کی بجائے قومی مفاد اور قومی سلامتی کو ملحوظ خاطر رکھیں۔ اتھارٹی نے کہا کہ حساس معاملات پر غیرذمہ دارنہ گفتگو سے بدامنی پھیل سکتی ہے۔بیان میں کہا گیا کہ چینلز سنسنی خیزی، متنازعہ فرقہ وارانہ معاملات پر اکسانے والے پروگرامز سے اجتناب کریں، ریٹنگ کی بجائے ملکی مفاد اور سیکیورٹی کو مدنظر رکھیں، حساس مسئلے پر غیر ذمہ دارانہ گفتگو ملک میں انتشار کا باعث بن سکتی ہے، اس لئے ایسی رپورٹس ، فوٹیج، ٹکرز کو نشر نہ کیا جائے۔ بیان میں کہا گیا کہ چیئرمین پیمرا کو کوئی بھی پروگرام بند کرنے کا اختیار حاصل ہے۔