اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینٹر فرحت اللہ بابر نے کہا ہے کہ چیئرمین نیب نے وزیراعظم سے ملاقات منسوخ کی اوربریفنگ دینے سے انکار کیا جو قابل تشویش بات ہے،اچانک ملاقات منسوخ کرنے کے پیچھے کیا محرکات ہیں اور جمہوریت کو ڈی ریل کرنے کی سازش تو نہیں ہے کیا؟ صورتحال کا سنجیدگی سے نوٹس لیا جائے۔جمعرا ت کوسینٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم سے ملاقات نہ کرنے کا چیئرمین نیب کا معاملہ تشویشناک لگتا ہے۔ جب نیب نے ہمارا احتساب کیا تو کہا گیا کہ ہماری دم پر پاﺅں آگیا ہے میں اب ان سے پوچھتا ہوں کہ اب کیوں رو تے ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم اور چیئرمین نیب میں کیا معاملات چل رہے ہیں اس کی تفصیلات سامنے لائی جائیں۔وزیر اعظم نے نیب کے حوالے سے کچھ روز ±قبل ایک بیان دیا۔ چیئرمین نیب کی جانب سے کہا گیا کہ وہ اس حوالے سے اپنے معاملات کو بہتر کریں گے۔ آج چیئرمین نیب کی وزیر اعظم سے ملاقات طے تھی، جس کو چئیرمین نیب نے وزیر اعظم کے بیان پر احتجاج کے طور پر منسوخ کردیا۔ چئیرمین نیب نے یہ ملاقات کیوں منسوخ کی۔ ایک ریاستی ادارے کا سربراہ انتظامی طور پر وزیر اعظم کو جواب دہ ہے۔ ملاقات سے انکار چیف ایگزیکٹو کی توہین ہے۔ اچانک ملاقات منسوخ کرنے کے پیچھے کیا محرکات ہیں اور جمہوریت کو ڈی ریل کرنے کی سازش تو نہیں ہے کیا؟ صورتحال کا سنجیدگی سے نوٹس لیا جائے۔انہوں نے کہا کہ دو دن پہلے وزیراعظم نے نیب کو خبردار کیا ہے کہ اگر شریفوں کو تنگ کرنا جاری رکھا تو قانون میں ترمیم کر دوں گا بعد ازاں نیب نے ایک بیان جاری کیا ہاں نیب میں بہتری کی ضرورت ہے ۔