اسلام آباد(این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عارف علوی نے کہا ہے کہ سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کی سہولت سے متعلق پیش رفت ہوئی ہے، اوورسیز ووٹرز کال کرکے ووٹ ڈال سکتے ہیں،کمپنی سے آن کال ووٹنگ سے متعلق پیشکش مانگ لی ہے۔ پی ٹی آئی رہنما عارف علوی کی زیرصدارت انتخابی اصلاحات کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں ایک کمپنی نے سمندر پارپاکستانیوں کو ووٹ کی سہولت فراہم کرنے سے متعلق بریفنگ دی۔کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عارف علوی نے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کی سہولت سے متعلق پیش رفت ہوئی ہے ¾ووٹرز پولنگ سے پہلے اپنی رجسٹریشن ایئرپورٹس یاسفارتخانوں میں کرائیں گے جس کے بعد انہیں کال کے ذریعے ووٹ ڈالنے کی سہولت حاصل ہوگی۔انہوں نے بتایا کہ الیکشن کمیشن40روزمیں الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم)سے متعلق ٹینڈرجاری کرےگااوراسی سال الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا تجربہ ہوگا۔ تجربے کے بعدعام انتخابات میں ای وی ایم کے استعمال کافیصلہ کیاجائےگا ، آئندہ سال عام الیکشن ہوئے تو ای وی ایم کااستعمال اورسمندر پارپاکستانیوں کاووٹ ڈالنا مشکل ہوگا۔