لاہور(نیوزڈیسک) پنجاب یونیورسٹی میں دہشت گردوں کے سہولت کاروں کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے ، پولیس نے آپریشن تیز کرنے کا اعلان کرتے ہوئے ممکنہ سہولت کاروں پر نظر رکھنے کیلئے یونیورسٹی انتظامیہ کو خط بھی لکھ دیا ۔ پنجاب یونیورسٹی میں سکیورٹی کے حوالے سے ایک سمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں ایس پی ماڈل ٹاؤن ڈاکٹر محمد اقبال نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔ اس موقع پر ایس پی ماڈل ٹاؤن ڈاکٹر محمد اقبال کا کہنا تھا کہ سکیورٹی اداروں نے پنجاب یونیوسٹی سے سینئر لیول کے کئی افراد کو گرفتار کیا ہے جبکہ یونیورسٹی میں اب بھی دہشت گردوں کے سہولت کار موجود ہیں جن کے خلاف آپریشن کیا جا رہاہے اور موجودہ حالات کے پیش نظر آپریشن کو مزید تیز کیا جائیگا ۔ ذرائع کے مطابق پولیس کی جانب سے پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ کو ایک خط بھی لکھا گیا ہے جس میں یونیورسٹی انتظامیہ کو دہشت گردوں کے ممکنہ سہولت کاروں پر نظر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔