اسلا م آ با د(نیوز ڈیسک) ملک کے مختلف شہروں میں بوندا باندی سے خنکی میں اضافہ ہوگیا۔ لاہور میں بارش نے موسم سرد کردیا ، اسلام آباد ، راولپنڈی ، گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں اگلے دو دن بادل برسنے کا امکان ہے۔ ملک کے اکثر علاقوں میں شدید سردی کا راج ہے۔ لاہور ، گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں بوندا باندی سے خنکی میں اضافہ ہوگیا ، پنجاب کے میدانی علاقوں میں گہری دھند کا راج چھٹنے لگا۔ کوئٹہ اور سبی میں اور گرد و نواح میں آسمان سے گرتی بوندوں نے ہر منظر بھگو دیا۔ آزاد کشمیرکے پہاڑوں اور گلگت بلتستان میں برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ ۔ آزاد کشمیرکی وادی نیلم ، گریزاورلیپا کے پہاڑوں پربرفباری جبکہ مظفر آباد اور پونچھ میں رات گئے سے بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ گلگت بلتستان کے پہاڑوں پربرف باری سے سردی مزید بڑھ گئی ہے۔ بلوچستان کے شمالی علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے ہونیوالی بارش سے موسم سرد ہوگیا۔ پنجاب میں کچھ مقامات پرہلکی اورتیز بارش نے ٹھنڈ بڑھا دی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق چترال، کالام ، مالم جبہ، دیر، کاغان، ناران، شانگلہ، مری، گلیات ، نیلم ویلی، اسکردو، استور، دیامر اور غذر میں بھی برفباری کا امکان ہے۔برفباری کا سلسلہ 2 روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ اگلے دو روز کے دوران اسلام آباد ، راولپنڈی ، لاہور ، گوجرانوالہ ، فیصل آباد ، سرگودھا اور ساہیوال میں آج ہفتہ کو بھی بادل برسنے اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔