لندن /اوکاڑہ (این این آئی)اوکاڑہ میں پولیس نے کہا ہے کہ عمر دراز نامی شہری کی جانب سے بھارتی پرچم لہرانے کے معاملے میں اب تک تفتیش کے دوران ملزم کے کوئی مذموم مقاصد سامنے نہیں آئے ۔بی بی سی سے بات کرتے ہوئے مقدمے کے تفتیشی افسر محمد عمران نے کہاکہ تفتیش سے پتہ چلا ہے کہ ملزم نے بھارتی پرچم لہرانے کا اقدام بھارتی کرکٹر ویراٹ کوہلی کے مداح کی حیثیت سے ہی کیا۔عمر دراز کو منگل کو بھارت اور آسٹریلیا نے ٹی 20 میچ میں بھارت کی فتح کے بعد اپنے مکان پر بھارت کا جھنڈا لہرانے پر حراست میں لیا گیا تھا۔پولیس نے ان کے خلاف نقصِ امن عامہ کی دفعہ 16 ایم پی او کے علاوہ تعزیرات پاکستان کی دفعہ 123 اے کے تحت بھی مقدمہ درج کیا ہے جس میں جرم ثابت ہونے پر زیادہ سے زیادہ دس برس قید کی سزا ہو سکتی ہے۔تفتیشی افسر کے مطابق ملزم کی طرف سے بھارتی پرچم لہرانے کی اطلاع گاؤں والوں نے دی تھی تاہم اس مقدمے میں ریاست کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔مقامی پولیس کے مطابق تاحال ملزم کی جانب سے اس مقدمے میں ضمانت کی درخواست نہیں دی گئی ہے۔خیال رہے کہ عمر دراز اس وقت جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں۔سب انسپکٹر محمد عمران کا کہنا ہے کہ ملزم عمر دراز کرکٹ کا اچھا کھلاڑی ہے اور ویرات کوہلی سے مشابہت کی وجہ سے بھی وہ اپنے دوستوں سے کہتا تھا کہ اسے کوہلی کے نام سے ہی پکارا جائے۔ملزم زیادہ تر ویرات کوہلی کے نام کی ٹی شرٹ پہنے رکھتا تھا بلکہ اْس نے اپنے کمرے میں اپنی اور ویرات کوہلی کی تصاویر بھی ساتھ ساتھ لگا رکھی تھیں۔ملزم عمر دراز کے بھائی عارف علی کا بھی کہنا ہے کہ ان کے بھائی اور پورا خاندان محب وطن ہیں اور ملک سے غداری کا سوچ بھی نہیں سکتے۔انھوں نے کہا کہ گاؤں کے لڑکوں نے کرکٹ کی مختلف ٹیمیں بنا رکھی ہیں اور عمر دراز ان میں سے بھارت نامی ٹیم کا رکن تھا تاہم وہ نہیں جانتے کہ اس نے کیوں گھر کے اوپر بھارتی پرچم لگایا؟عارف نے کہا کہ وہ غریب لوگ ہیں اتنی ہمت بھی نہیں کہ کوئی بڑا وکیل کر کے عمردراز کو رہا کروانے کی کوشش کر سکیں۔