اسلام آباد(نیوزڈیسک)محکمہ موسمیات نے آج شام سے اسلام آباد، خیبرپی کے، فاٹا، شمالی بلوچستان، بالائی پنجاب، گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیش گوئی کی ہے ۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج سب سے زیادہ سردی سکردو میں پڑی جہاں پارہ منفی آٹھ تک گر گیا، گوپس اور پاراچنار میں درجہ حرارت منفی پانچ، استور منفی چار، دیر، گلگت اور راولاکوٹ منفی تین، مالم جبہ منفی دو، جبکہ کالام، قلات اور ہنزہ میں منفی ایک ڈگری سینٹی ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ، قلات، ڑوب، سبی ڈویڑن، اسلام آباد، خیبرپی کے، فاٹا، راولپنڈی، سرگودھا، گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد، ساہیوال ڈویڑن، گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے جبکہ ڈی جی خان، ملتان اور بہاولپور ڈویڑن میں چند ایک مقامات پر ہلکی بارش کی توقع ہے. ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا. گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا تاہم مالاکنڈ، ہزارہ، کوئٹہ، ڈی جی خان اور راولپنڈی ڈویڑن میں چند مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہوئی۔