کراچی(نیوزڈیسک) سندھ کے سینئر وزیر نثار احمد کھوڑونے کہا ہے کہ وفاقی وزیر چوہدری نثار علی خان نیشنل ایکشن پلان پر اپنی ذمہ داری ادا نہیں کرسکتے تو دوسروں پر تنقید کرنے کے بجائے پہلے اپنی ناکامی کا اعتراف کرکے استعفیٰ دیں۔جھوٹ سندھ حکومت نہیں چوہدری نثار علی خان بول رہے ہیں اوروہ اپنی کمزوری چھپانے کے لیئے دوسروں پر تنقید کررہے ہیں مگر عوام کو پتہ ہے کہ وہ وقت پر چھپ جاتے ہیں ۔چوہدری نثار علی خان سندھ آکر دکھائیں تو انہیں پتہ چل جائے گا کہ سندھ کی عوام انھیں کیا کہہ رہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو سندھ اسمبلی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ چوہدری نثار علی خان پہلے اپنی بیمار ی کا میڈیکل سرٹیفیکٹ منظر عام پر لائیں کہ وہ بیمار تھے یا ڈرامہ کررہے تھے کیونکہ ہر ضرورت کے وقت وہ اسکرین سے غائب ہوجاتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ چارسدہ واقعہ کو صرف ایک واقعہ قرار دے کر طوفا ن برپا ہونے کی باتیں کرکے اپنی ناکامی ظاہرکررہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ امن وامان کے قیام کے لیئے تمام جماعتوں نے قومی اسمبلی اور سینیٹ میں فوجی عدالتوں کی بھی حمایت کی تھی تاہم وفاقی حکومت امن وامان کے قیام کے لیئے خاطر خواہ نتائج نہیں دے سکی ہیں اسلیئے وہ اپنی ناکامی چھپانے کے لیئے دوسروں پرتنقید بند کریں اور وفاقی حکومت اپنی ناکامی کا کھلا اعتراف کریں ۔انہوں نے کہا کہ اب جنرل مشرف کا زمانہ نہیں ہے جو چوہدری نثار علی خان پر ہاتھ نہ ڈالا جائے ، وفاقی حکومت اور چوہدری نثار علی خان عوام کے سامنے جوابدہ ہیں اسلیئے ان پر ہی بات کرینگے ۔نثار کھوڑو نے کہا کہ وزیر اعظم تو سندھ آرہے ہیں مگر وفاقی وزیر داخلہ خود کو شایدوزیر اعظم سے زیادہ سمجھ رہے ہیں اس لئے وہ سندھ آنے سے کترا رہے ہیں ، وہ سندھ آئیں گے تو انھیں معروضی حالات کا پتہ چل جائے گا اور سندھ کے عوام کی باتیں بھی سنے گے اگر وہ سندھ نہیں آئینگے تو شاید وہ سندھ کے عوام سے گھبرا رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام کے لیئے دعوے کرنا اوردعویٰ پر پورا اترنے میں فرق ہے اور وفاقی حکومت ایسے دعوے کیوں کررہی ہے جس پر وہ پورا نہیں اتر سکتی ۔نثار کھوڑو نے کہا کہ وفاق اور پنجاب حکومت نے تو سردیوں کا بہانہ کرکے اسکول بند کیے اور اسکولوں کو سیکیورٹی بھی فراہم نہ کرنا وفاقی حکومت کی ناکامی ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں تعلیمی اداروں کی سیکیورٹی سخت کرنے کی ہدایت جاری کردی گئی ہیں ، اس ضمن میں تعلیمی اداروں کے باہر پولیس اوررینجرز کی پیٹرولنگ بڑھانے اور نگرانی سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کی سیکیورٹی کے متعلق رینجرز حکام سے بھی رابطہ کیا ہے او ررینجرز شہرمیں 56مقامات کی نشاندہی کرچکی ہے جہاں پر نگرانی کے عمل کو تیز کیا گیا ہے جبکہ بڑے نجی اسکولوں و تعلیمی اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اسکولوں کی دیواریں اونچی کریں اور کھاردار تاریں لگائیں جبکہ کسی بھی غیر متعلقہ افراد کو اندر نہ آنے دیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تعلیمی اداروں کے باہر کسی بھی قسم کے ٹھیلوں کو کھڑا نہ ہونے دیا جائے اور صبح 7بجے سے شام 5بجے تک تمام اسکولوں ، کالجز اور تعلیمی اداروں کے باہر پیٹرولنگ کو یقینی بنایا جائے ۔