اسلام آباد(نیوزڈیسک)پاکستان کا افغانستان کو ایک اور بڑا تحفہ دینے کا فیصلہ،پندرہ لاکھ رجسٹرڈ افغان مہاجرین سمیت لاکھوں غیر رجسٹرڈ مہاجرین کا بوجھ پاکستان مزید دو سال اٹھائے گا،پاکستان میں مقیم پندرہ لاکھ رجسٹرڈ افغان مہاجرین کے قیام کی مدت میں مزید دو سال کی توسیع کے لیے سمری تیار کر لی گئی ہے جو جلد کابینہ اجلاس میں منظوری کے لیے پیش کی جائے گی۔نجی ٹی وی نے بتایاکہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم افغانیوں کی تعداد بھی لاکھوں میں ہے جو دہشت گردی سمیت منظم جرائم میں ملوث ہیں،سرکاری ذرائع کے مطابق ریاستوں اور سرحدی امور کی وزارت کی طرف سے پاکستان میں رجسٹرڈ مہاجرین کے قیام کی مدت دو سال تک بڑھانے کی سفارش کی گئی ہے۔ سمری منظور ہونے کے بعد افغان مہاجرین کے قیام کی مدت میں توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔افغان مہاجرین کے قیام کی مدت اکتیس دسمبر دو ہزار پندرہ کو ختم ہو گئی تھی جس میں چھ ماہ کی توسیع کا نوٹیفیکیشن گیارہ جنوری کو جاری کیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق ریاستوں اور سرحدی امور کی وزارت افغان مہاجرین کی واپسی کے منصوبے کے تحت رجسٹریشن کی تصدیق کے کارڈز میں دو سال کی توسیع چاہتی ہے تاکہ ان کی مرحلہ وار واپسی کو یقینی بنایا جا سکے۔ملک بھر میں لاکھوں کی تعداد میں غیر رجسٹرڈ افغان بھی قیام پذیر ہیں جو دہشت گردی سمیت منظم جرائم میں ملوث ہیں۔ ان کی تلاش اور ملک بدر کرنے کی ذمہ داری وفاقی وزارت داخلہ اور صوبائی محکمہ داخلہ کو سونپی گئی ہے تاکہ ملک میں دہشت گردی سمیت دیگر جرائم کی وارداتوں پر قابو پایا جا سکے۔