لاہور/سیالکوٹ/رحیم یار خان/گوجرانوالہ( نیوزڈیسک)چھٹی ہے ! نہیں ہے !ایک ہفتے کی چھٹیوں کا معاملہ نیا رُخ اختیا رکرگیا،پنجاب حکومت کی طرف سے تعلیمی اداروںمیں تعطیلات بارے را ت گئے کئے گئے فیصلہ کا علم نہ ہونے کیوجہ سے بچوں کی اکثریت معمول کے مطابق سکولوں میں پہنچ گئی ،طلبہ شدید سردی میں ایک ہفتے کی تعطیلات کاسن کر خوشی خوشی گھروں کو واپس لوٹ گئے ، لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں کئی نجی تعلیمی اداروںنے احکامات ہوا میں اڑا دئیے ۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت کی طرف سے شدید دھند اورسردی کی لہر کی وجہ سے سوموار کی رات گئے تمام نجی اور تعلیمی اداروں میں ایک ہفتہ کی تعطیلات کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ۔ تاہم اکثر والدین کو اس فیصلے کا علم نہ ہو سکا اور بچوں کو معمول کے مطابق سکولوںکو بھجوادیا گیا جنہیں سکول آمد پر تعطیلات بارے فیصلے کا علم ہو سکا ۔تعلیمی اداروں میں اچانک چھٹیوں کے معاملے پر پرائیوٹ اسکولزکے مالکان نے سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے تعطیلات بارے کوئی مشاورت نہیں کی ۔تعلیمی اداروں میں آخری سیشن چل رہے ہیں اور چھٹیوں سے بچوں کا تعلیمی نقصان ہو گا۔لاہور سمیت سیالکوٹ ،رحیم یار خان ،گوجرانوالہ ،مریدکے سمیت دیگر اضلاع میں کئی نجی تعلیمی اداروں نے حکومت کے نوٹیفکیشن کے برعکس تعلیمی سر گرمیاں جاری رکھیں ۔صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود کے مطابق شدید سردی کی لہر کی وجہ سے گزشتہ چار پانچ دنوں سے سکولوں میں حاضری انتہائی کم رہی جس کی وجہ سے مشاورت کے بعد تعطیلات کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔محکمہ تعلیم کے ذرائع کے مطابق نوٹیفکیشن پر عملدرآمد نہ کرنے والے تعلیمی اداروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔