کراچی،لاہور،پشاور،راولپنڈی(نیوزڈیسک)شدید دھند کے باعث بے نظیر انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے جس کی وجہ سے اندرون و بیرون ملک سے آنے والی درجنوں پروازیں گھنٹوں تاخیر کا شکار ہیں۔میڈیا کے مطابق شدید دھند کے باعث حد نگاہ صفر ہونے کے بعد بے نظیر انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن بری طرح متاثر ہو کر رہ گیا ہے اور اندرون و بیرون ملک سے آنے والی 35 پروازیں کئی گھنٹے تاخیر کا شکار ہیں۔ شدید دھند کے باعث بے نظیر ائیرپورٹ پر آنے والی 8 پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں۔ فلائٹ انکوائری کے مطابق شارجہ، دوحا اور ابو ظہبی سے آنے والی پرواشیں منسوخ کر دی گئی ہیں جب کہ بے اسلام آباد سے دوحا، ابو ظہبی جانے والی پروازیں بھی تاخیر کا شکار ہیں۔اسلام آباد سے ابوظہبی کی 3 اور کراچی کی 5 پروازیں منسوخ جب کہ سکرو، گلگت، سکھر، کوئٹہ، دوحا اور ارمچی جانے والی پروازیں تاخیر کا شکار ہیں۔ پروازوں میں تاخیر کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔بے نظیر انٹر نیشنل ایئرپورٹ کی فلائٹ انکوائری کا کہنا ہے کہ رن وے پر حد نگاہ صفر ہے اور دھند رہنے تک فلائٹ آپریشن معطل رہے گا۔ دوسری جانب ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ بے نظیرائیرپورٹ کا لینڈنگ اور ٹیک آف سسٹم نہایت پرانا ہوچکا ہے جس کی وجہ سے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے، جدید سسٹم آئی ایل ایس نصب ہوتا تو دھند کے دوران فضائی سفر ممکن تھا۔ایئر پورٹ ذرائع کے مطابق بے نظیر ائیرپورٹ کی تزئین و آرائش پر گذشتہ برس 50 کروڑ روپے لگائے گئے لیکن طیاروں کی بحفاظت لینڈنگ کا کوئی جدید نظام نصب نہیں کیا گیا۔ بے نظیر ائیرپورٹ پر فلائٹ آپریشن میں تاخیر کے باعث بین الاقوامی ائیرلائنز نے بہت ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ترجمان سول ایوی ایشن کے مطابق فضائی سفر کا جدید نظام پورے جنوبی ایشیا میں صرف 2 ائیرپورٹس پر نصب ہے، آئی ایل ایس سسٹم لاہور اور نیو دہلی ائیرپورٹ پر نصب ہے، بے نظیر ائیرپورٹ پردھند کے دوران فضائی سفر جاری رکھنے کا جدید نظام موجود نہیں، آئی ایل ایس سسٹم نیو بے نظیر ائیرپورٹ فتح جھنگ میں نصب کیا گیا ہے، وہاں فلائٹ آپریشن شروع ہونے کے بعد دھند میں بھی پروازیں لینڈ کر سکیں گی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شدید دھند کا یہ سلسلہ مزید چار دن تک جاری رہنے کا امکان ہے۔