اسلام آباد(نیوزڈیسک)تحریک انصاف پنجاب کے رہنما چوہدری سرورنے کہا ہے کہ موجودہ حکمران عوام اور ملک کے لئے ” سوائن فلو” سے زیادہ خطر ناک ہیں۔لاہور میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کے دوران چوہدری سرورنے کہا کہ حکمرانوں کا ایجنڈہ عوامی فلاح وبہبود نہیں اپنی ترقی اورخوشخالی ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے اقتدارمیں آنے سے پہلے قوم کو چھ ماہ میں لوڈشیڈ نگ ختم نہ کرنے پراپنا نام بدلنے کا وعدہ کیا مگرکئی ماہ گزرنے کے باوجود حکمران قوم کو بجلی اور گیس کی لوڈشیڈ نگ کے عذاب سے نجات دلانے میں ناکام ہوچکے ہیں۔ ان کے پاس کرپشن اور لوٹ مار کے سوا کوئی تجربہ نہیں جس کی وجہ سے ملک ہر گزرتے دن کے ساتھ نئی مشکلات کا شکار ہورہا ہے۔چوہدری سرورنے کہا کہ پنجاب بھرمیں بیت المال کمیٹیاں ایک سال بعد بھی تشکیل نہ دیئے جانے سے صوبے کے40 ہزارسے زائد مستحق خاندان مالی امداد سے محروم ہیں، جس کے باعث ان کی مالی مشکلات میں مزید اضافہ ہورہا ہے مگربے حس حکمران خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔