اسلام آباد(نیوز ڈیسک)حکمراں جماعت مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کی آپس میں چپقلش اور مخالفت کسیسے ڈھکی چھپی نہیں ہے دونوں پارٹیاں دل کھول کر ایک دوسرے کی مخالفت کرتی نظر آتی ہیں،تاہم نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں تحریک انصاف نے واضح طور پر حکومتی پارٹی کی حمایت کر دی۔تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کو ہٹانے اور سانحہ چارسدہ پر جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کردیا۔خورشید شاہ نے کہا کہ چوہدری نثار وزارت داخلہ کیلئے فٹ نہیں ہیں اس لئے انہیں کہیں اور لگادیں، ایسے واقعات میں براہ راست ذمہ داری وزیر داخلہ کی ہے۔نجی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کو عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ میاں صاحب کو فیصلہ کرنا ہوگا، چوہدری نثار وزارت داخلہ کیلئے فٹ نہیں، انہیں کہیں اور لگادیں۔دوسری جانب پی ٹی آئی کے رہنما شاہ محمود قریشی نے حکومتی وزیر کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ کابینہ میں کون ہو، کون نہیں، وزیراعظم کا مسئلہ ہے، وزراءکو اجلاسوں میں شرکت کرکے بریفنگ دینی چاہئے، کس کو کہاں لگانا ہے، یہ اپوزیشن کا کام نہیں۔مسلم لیگ ن کے رہنما نے خورشید شاہ کے بیان پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قائد حزب اختلاف کو ایسا بیان نہیں دینا چاہئے، کسی کو بیماری پر ہٹانے کا مطالبہ درست نہیں، چوہدری نثار اپنا کام ایمانداری سے کررہے ہیں، شاہ صاحب کو چوہدری نثار کی بیماری کا خیال کرنا چاہئے۔